کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل کی ٹرافی کراچی کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچ گئی۔جہاں اس کی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں رونمائی کی گئی۔ لاہو ر قلندرز کی انتظامیہ نے خواجہ ہاکی اکیڈمی میں تقریب سجائی جس میں سی ای او عاطف رانا اور سی او او ثمین رانا ، پی ایس ایل انتظامیہ کے بھی نمائندے شامل تھے۔ اس موقع پر اکیڈمی کے ہیڈ خواجہ جنید اور درجنوں بچے موجود تھے۔ عاطف رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز پاکستان ہاکی کی بحالی کی خواہشمند ہے ۔ قبل ازیں پہلے مرحلے پر اتوار کی شب لاہور کے مال میں رکھا گیا ۔اس سے پہلے ہفتے کی شب لیاری کے ککری گراونڈ پر پی ایس ایل ٹرافی نمائش کیلئے رکھی گئی ۔ فاسٹ بولر رومان رئیس ٹرافی لیکر میدان میں آئے۔ لیاری کا مشہور رقص لیوا بھی پیش کیا گیا۔