• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائی، 79 افراد گرفتار، 22 دکانیں سیل

پشاور(وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ کی تین خصوصی ٹیموں نے مختلف بازاروں میں تجاوزات مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دکانوں سے باہر رکھا گیا سامان اور دیگر تجاوزات سرکاری تحویل میں لے لیا۔ اس آپریشن میں دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کی گئی کہ وہ مستقبل میں تجاوزات قائم کرنے سے باز رہیں، بصورتِ دیگر مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ پشاور نے کیپٹل میٹروپولیٹن حکام، کنٹونمنٹ بورڈ حکام، پولیس اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ کارروائی کے دوران 79 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ 22 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔آپریشن کے دوران درجنوں دکانوں کی غیر قانونی تعمیرات کو بھی مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے کہا کہ بازاروں میں تجاوزات کی وجہ سے عام شہریوں، بالخصوص خواتین اور بزرگوں کو پیدل چلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ۔ انہوں نے کہا ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوامی سہولت کے لئے ایسے آپریشنز کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے سامان کو دکانوں کے اندر رکھیں اور کسی بھی قسم کی تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پشاور سے مزید