اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) مالی سال 2025 کے جولائی تا فروری کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ میں 0.7 ارب ڈالر کا سرپلس ریکارڈ کیا گیاجبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کرنٹ اکاؤنٹ 1.7 ارب ڈالر خسارے میں تھا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس بہتری کی بڑی وجہ برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہے۔ جولائی تا فروری کے دوران اشیاء کی برآمدات 21.82 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 20.36 ارب ڈالر تھیں، یوں 7.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔