• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹی 20، کیویز نے شاہینوں کے ہاتھوں سے طوطے اڑا دیئے، پاکستان کو پھر شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی بولرزبارش سے متاثرہ 15اوورز کے میچ میں135رنز کے اسکور کا دفاع نہ کرسکے ۔کیویز نے دوسرے میچ میں بھی شاہینوں کے ہاتھوں کے طوطے اڑادیے۔ نیوزی لینڈ نے ڈنیڈن میں دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل پانچ وکٹ سے جیت کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔ پہلے میچ کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم نے نسبتاً بہتر کارکردگی دکھائی لیکن ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔نوجوان پلیئرز پھر ناکام رہے، نیوزی لینڈ نے ہدف 14ویں اوور میں 5 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ اوپنر ٹم سائفرٹ نے22گیندوں پر45 رنزپانچ چھکوں اورتین چوکوں کی مدد سے بنائے انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ منگل کوپاکستان کیلئے شاہین شاہ آفریدی نے اختتامی اوورز میں 22 رنز ناٹ آؤٹ14گیندوں پر ایک چھکے اوردو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ اوپنرز حسن نواز مسلسل دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ محمد حارث دس گیندوں پر11رنز بناسکے۔ پاکستان نے 9 وکٹ پر 135 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی اننگز میں شاداب خان نے اہم کیچ ڈراپ کردیا۔ پھر حارث کی گیند پر ڈیرل مچل کا ایک مشکل کیچ لیا۔ نیوزی لینڈ نے گیارہ گیندیں پہلے ہدف پانچ وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے بعد پاکستان کو تیسری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کا سامنا ہے۔ پاکستان نے آخری سیریز زمبابوے کے خلاف دو ایک سے جیتی تھی۔ دونوں میچوں میں کوئی بیٹر نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا اور کسی بولر کو تین وکٹ نہ مل سکے۔ بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ حسن نواز اور محمد حارث رنز بناکر19کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ عرفان نیازی 11 اور خوشدل شاہ 2 رنز ہی بناسکے۔ کپتان سلمان علی آغا نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سےسب سے زیادہ46 رنز28 گیندوں پر بنائے۔ شاداب خان نےدو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے14 گیندوں پر26رنز بنائے۔ جیکب ڈفی، جیمز نیشام، اِش سوڈھی اور بین سیئرز نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے انتہائی جارحانہ آغاز کیا، 4 اوورز میں اسکور 50 تھا، سائفرٹ 22 گیندوں پر 45 اور فن ایلن 16 گیندوں پر 38 ، مارک چیمپین 1 اور جیمز نیشم 5 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ ڈیرل مچل 21 اور کپتان مائیکل بریسویل نے 5 رنز بنائے ۔ کیوی بیٹرزنے مجموعی طور پر 11 چھکے مارے۔ محمد ابرار کی جگہ لینے والے حارث رؤف نے دو وکٹ20 رنز دے کر حاصل کئے۔ محمد علی، خوشدل شاہ اور جہانداد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار ہوا، جس کے بعد امپائرز نے میچ 15،15 اوورز تک محدود کردیا۔

اسپورٹس سے مزید