کراچی (اسٹاف رپورٹر) بولنگ فارم کی تلاش میں پریشان فاسٹ بولر حارث رؤف نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں دو وکٹیں لیتے ہی ناقدین پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں لوگ ٹیم کے ہارنے کا انتظار کرتے ہیں تاکہ تنقید کرسکیں، نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز آسان نہیں، ہر کھلاڑی اپنا 100 فیصد کھیل پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ ہم جدید تقاضوں کے مطابق کرکٹ کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے بیٹرز نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے اور کچھ قسمت نے انکا ساتھ دیا، ہمارے بولرز بدقسمت رہے۔ نیوزی لینڈ نے اچھی کرکٹ کھیلی لیکن کیوی بیٹرز کے ٹاپ ایج لگنے پر بھی چھکے ہو رہے تھے، ان میں سے کچھ کیچز ہونے چاہیے تھے ۔ ہوا اور پھر چھوٹے گراؤنڈ کی وجہ سے گیند باہر جارہی ہے۔اس گراؤنڈ پر ہائی اسکورنگ میچز ہوتے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو سپورٹ نہیں کریں گے تو کیسے آگے بڑھا جاسکتا ہے، ان کو پاکستان کی طرف سے کھیلنے کا موقع ملا ہے، تھوڑا وقت لگے گا۔ ڈومیسٹک سے سیدھا انٹرنیشنل سطح پر آکر پرفارم کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ دنیا میں نوجوان کرکٹرز کو 10 سے 15 میچز کا موقع دیا جاتا ہے۔