ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملتان ظہور حسین بھٹہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پیدائش ، وفات ، طلاق اور نکاح کی رجسٹریشن کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں اس ضمن میں تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ یونین کونسلوں میں حکومت کی گائیڈ لائن پر عمل درآمد کروائیں ۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کے مالی اور انتظامی اختیارات مکمل طور پر ڈپٹی ڈائریکٹر، ایڈمنسٹریٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو تفویض کئے گئے ہیں، ضلعی سطح پر یونین کونسل کی کنٹرولنگ اتھارٹی ڈپٹی ڈائریکٹر ہے جبکہ تحصیل سطح پر اسٹنٹ ڈائریکٹر بطور ایڈمنسٹریٹر یونین کونسل کے معاملات کو چیک کرتے ہیں ۔ ڈویژنل ڈائریکٹر کا مرکزی دفتر حکومت کی جانب سے آنیوالے رولز و ریگولیشن کی تعمیل کرواتا ہے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ یونین کونسل میں مالی بے ضابطگیوں کا کسی طور پر بھی ڈویژنل ڈائریکٹر سے تعلق نہ ہے۔ یونین کونسلز میں مالی شکایات پر مذکورہ آفیسرکے خلاف کاروائی کی جاتی ہے۔