اسلام آباد(نمائندہ جنگ )چینی بحرا ن کے خاتمے کےلیے مسابقتی کمیشن نے ممکنہ کارٹلائزیشن کے خلاف کارروائی کاعندیہ دیا ہے، مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے کہا ہےکہ کمیشن چینی کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور باقاعدگی سے اس کا جائزہ لے رہا ہے۔ کمیشن کسی بھی غیر مسابقتی سرگرمی اور ممکنہ گٹھ جوڑ پائے جانے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کرے گا۔ کمیشن نے کہا ہے کہ چینی کی صنعت میں کارٹلائزیشن کو روکنے، مارکیٹ میں منصفانہ مقابلہ اور فئیر پرائس کے کلچر کو فروغ دینے اور صارفین کے تحفظ کے لیے اس نے مسلسل مداخلت اور اقدامات کیے ہیں۔سال 2020 میں کمیشن نے ایسی ہی صورتحال پر انکوائری کی، جس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن منظم انداز میں قیمتوں کے تعین اور چینی کی سپلائی کو کنٹرول کرنے میں مبینہ طور پر ملوث پائی گئی۔ اس انکوائری کے دوران کمیشن نے ایسوسی ائیشن کے دفاتر پر ریڈ بھی کیے جن میں گٹھ جوڑ کے کافی شواہد حاصل کیے گئے۔ تحقیقات کے نتیجے میں اگست 2021 میں کمیشن نے متعدد شوگر ملز اور ایسوسی ایشنپر مجموعی طور پر 44 ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ تاہم، شوگر ملز اور ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کو عدالتوں میں چیلنج کر دیا۔