• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی 164 روپے فی کلو ملے گی، ایکس مل قیمت 159 روپے سے کم ہوگی، قیمتوں کے جائزے کیلئے ذیلی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چینی کی خوردہ قیمت 164 روپے فی کلو جبکہ اس کی ایکس مل قیمت 159روپے فی کلو سے کم ہوگی‘ چینی کی 178-180 روپے فی کلو فروخت کسی بھی قیمت پر وزیراعظم اور حکومت کوقابل برداشت نہیں‘ رانا تنویر حسین کی سربراہی میں قیمتوں کاجائزہ لینے کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہےجواس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک ماہ میں سفارشات پیش کرے گی‘ 274سستے بازاروں میں چینی 130روپے فی کلو فراہم کی جارہی ہے ‘ ملک میں چینی کی کوئی قلت ہے نہ ہوگی‘ ملزمالکان کرشنگ سیزن بروقت شروع کریں گے‘ کرشنگ سیزن یکم نومبر سے شروع ہوگا‘خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایف آئی اے نے چینی مافیا کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے تحقیقات کیلئے پی ٹی اے سے مدد مانگ لی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پی ٹی اے سے 11 افراد کے نام پر رجسٹرڈ موبائل فون نمبرز طلب کر لئے۔ ایف آئی اے کی بھجوائی گئی فہرست میں چینی کے مبینہ جعلی خریداروں کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو مبینہ خریداروں کے صرف نام اور شناختی کارڈ نمبر فراہم کئے گئے ہیں۔ موبائل سمز کے نمبر فراہم نہیں کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو یہاں چینی کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے بعد اہم فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ چینی کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت پر بنائی گئی کمیٹی نے رمضان کے مقدس مہینے میں قیمتوں میں اضافے کے بعد ماضی میں کئی اجلاس منعقد کئے۔ وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی اس سلسلہ میں 19 اپریل سے پہلے ایک ماہ میں اپنی رائے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اپنی وجوہات بیان کی ہیں اور انہوں نے اس معاملے پر تفصیلی بات چیت کی۔وزیراعظم نے چینی قیمتوں کے معاملے پر کمیٹی قائم کی ہے‘ کمیٹی کے اجلاس میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے باقاعدہ اقدامات اور شوگرملزمالکان کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں بار بار اضافہ ہو رہا ہے۔ قبل ازیں اجلاس میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین‘اعظم نذیر تارڑ‘ وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اہم خبریں سے مزید