اسلام آباد (خالد مصطفےٰ) ملک میں پانی کا سب سے بڑا ذخیرہ سمجھا جانے والا تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح تقریباً اپنی آخری حد 1402؍ فٹ تک جا پہنچا ہے جس سے رم اسٹیشنز پر پانی کی قلت میں 41؍ فیصد جبکہ کینال ہیڈز پر 50؍ سے 55؍ فیصد تک مزید کمی واقع ہوئی ہے۔ صوبہ سندھ کے نچلے حصوں میں بہنے والا دریائے سندھ خشک ہو چکا ہے جبکہ منگلا ڈیم میں بھی صورتحال مختلف نہیں کیونکہ یہاں بھی پانی کی سطح 1054 فٹ تک پہنچ چکی ہے جو 1050؍ فٹ کے ڈیڈ لیول سے محض 4؍ فٹ اوپر ہے۔ منگلا میں پانی کی آمد 23 ہزار 236 کیوسک جبکہ اخراج 20 ہزار 351 کیوسک رہا۔ تاہم واپڈا کی جانب سے ارسا کو منگلا میں پانی ذخیرہ کرنا شروع کرنے کیلئے کہہ دیا گیا ہے کیونکہ اگر یہ سطح ڈیڈ لیول پر پہنچ گئی تو پاور ٹربائنز میں گاد جانے کا اندیشہ ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ منگلا میں سلٹ لیول بڑھ چکا ہے۔