راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں شہری 21موٹرسائیکلوں ،موبائل فونز،نقدی اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے ،10افراد سے جھپٹا مار کران کے موبائل چھین لئے گئے ۔ اسلام آباد میں بھی 11 وارداتوں میں نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ ایک کار ، 6موٹر سائیکل، 2 موبائل فون اورنقدی اڑا لی گئی ۔تھانہ گولڑہ کے علاقے سے ایک موٹر سائیکل جبکہ تھانہ کراچی کمپنی اور شالیمار کے علاقے سے تین موبائل اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی ۔ 2گھر وں کے تالے ٹو ٹ گئے ۔تھانہ وارث خان کے علاقہ میں سواریوں کے روپ میں 2ملزمان طلحہ ملک سے اسلحہ کی نوک پر اس کا موٹر سائیکل،موبائل اور 4ہزار 700 روپے،تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقہ فورتھ روڈ پر 3نامعلوم ملزمان وقاص یاور کی دکان سے اسلحہ کی نوک پر 4موبائل،3لاکھ 4ہزارروپے ،تھانہ نصیرآباد کے علاقہ پیر اورنگزیب کالونی میں محمد بلال خان سے نامعلوم ملزم گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل ، 40ہزار روپے اور موبائل ،تھانہ روات کے علاقہ جبر میں 2موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر حسن سے موبائل فون، شناختی کارڈ اور سیل کی رقم 2 لاکھ 35 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے۔ دیگر وارداتوں میں بھی سات موبائل اور نقدی چھین لی گئی ۔ مختلف علاقوں میں چوری کی بھی متعدد وارداتیں ہوئیں۔