• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی چوروں کے خلاف آپریشن ،7ٹرانسفارمرز اور23 کنکشنز منقطع ، میٹرز اتارلئے

ملتان (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئرگُل محمد زاہد کی ہدایت پرمیپکو ریجن میں رمضان المبارک کے دوران بھی ڈسکوسپورٹ یونٹ میں شامل فورسز کے ہمراہ بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے،جلال پور پیروالہ،خیرپورٹامیوالی، ڈی جی خان میں 60لاکھ روپے واجبات کے نادہندگان/بستیوں کے7 ٹرا نسفا رمرز اور23 کنکشنز منقطع کرکے میٹرز اتار لئے، ایڈیشنل چیف انجینئر آپریشن میپکوملتان سرکل سید محمد مبشررضوی اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین شجاع آباد ڈویژن طارق محمود ڈار اور ایس ڈی او جلال پور پیروالہ سب ڈویژن خالد محمود کی سربراہی میں ٹیم نے بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن کیا،خان بیلہ، کرمو والا، چاتھریاں، بستی ابراہیم، بستی برار، بستی سہراب اور بستی کچالہ میں 10لاکھ64ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پرایک نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارف کے گھر میں استعمال ہونے والے سولرانورٹراور کیبلز، 3نادہندگان کے میٹرز اور 240میٹر ایل ٹی کنڈکٹر اُتارلیاگیا۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپورسرکل محمد ثاقب اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین حاصل پور ڈویژن کی سربراہی میں ٹیم نے خیرپورٹامیوالی سب ڈویژن میں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔بستی جھوک حاجی، بستی ولی حجمانہ، بستی جہانزیب، بستی اکبرآاد، بستی دلاور بھابھا اور ڈی سی چوک خیرپور ٹامیوالی میں 49لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر6نادہندہ کاشتکاروں کے ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز، 20سنگل اور تھری فیز میٹرز اُتارلئے۔چیکنگ کے دوران ایک بجلی چور بھی پکڑا گیا جسکے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لئے درخواست بھیج دی۔ ایکسین ڈی جی خان ڈویژن عزیزالرحمن اور ایس ڈی اوکوئٹہ روڈ سب ڈویژن کی سربراہی میں ٹیم نے موضع نور والا میں آپریشن کرکے ایک زرعی ٹیوب ویل صارف کو بوگس میٹرز نصب کرکے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔زرعی ٹیوب ویل میٹر اکاؤنٹ نمبر 29-15226-0782900بنام محمد یوسف بوگس میٹر نصب کرکے بڑے پیمانے پر چوری کی بجلی سے زرعی زمین سیراب کررہاتھا جبکہ اصل میٹر اُتارکر غائب کیاہواتھا۔ ٹیم نے پولیس فورس کے ہمراہ بجلی چور کے زیر استعمال بوگس میٹر، ٹرانسفارمراور کنڈکٹر اُتارلیا ۔
ملتان سے مزید