• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا کیریئر کے دوران والد بننے کا ارادہ نہیں: ڈکی بھائی


پاکستانی معروف یوٹیوبر و کانٹینٹ کری ایٹر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی نے انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا کیریئر کے دوران ان کا اولاد پیدا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ڈکی بھائی نے حال ہی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب پر ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیا ہے۔

یوٹیوب پر تقریباً 8 ملین سبسکرائبرز رکھنے والے انفلوئنسر ڈکی بھائی نے پوڈ کاسٹ کے دوران متعدد سوالات کے جوابات دیے اور اپنی نجی زندگی سے متعلق بھی بات کی۔

یاد رہے کہ ڈکی بھائی کی عروب جتوئی سے شادی کو 2 سال گزر چکے ہیں مگر اس جوڑے کے ہاں تاحال اولاد نہیں ہے۔

ڈکی بھائی نے اپنے یہاں اولاد کی پیدائش سے متعلق گفتگو کے دوران بتایا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اپنے سوشل میڈیا کیریئر کے دوران اپنی اولاد کو دنیا میں نہیں لاؤں گا، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ کیریئر کے ساتھ ساتھ میں اپنے بچے کو وقت نہیں دے پاؤں گا۔

ڈکی بھائی نے بتایا کہ پاکستان میں اکثر یوٹیوبرز کا سوشل میڈیا کیریئر چند سال ہوتے ہیں مگر میں 2017ء کے بعد سے تاحال اس شعبے میں ہوں، میں اس شعبے سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد اولاد کے بارے میں سوچوں گا، میں شاید 2 سے 3 سال مزید اس شعبے سے منسلک رہوں، کبھی نہ کبھی تو مجھے بطور یوٹیوبر سوشل میڈیا کی زندگی کو خیرباد کہنا ہی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ہونے والی بے جا تنقید اور ٹرول پر بات کرتے ہوئے کہا میں اپنے بچوں کو سوشل میڈیا پر نہیں لانا چاہوں گا، اگر میں اپنے بچے کو سوشل میڈیا سے دور رکھوں گا تو لوگ اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر لے آئیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر بچہ سوشل میڈیا پر اپنی ابتدائی زندگی ہی میں آ جاتا ہے تو اس کی آنے والی زندگی بہت متاثر ہوتی ہے، بچہ پھر خود کو سوشل میڈیا اسٹار سمجھتا ہے، وہ مستقبل میں پھر وہ نہیں بن پاتا جو اسے بننا چاہیے۔

ڈکی بھائی نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ میرا بچہ سوشل میڈیا پر آئے یا اس کا استعمال کرے، اس وجہ سے سوشل میڈیا کریئر کے دوران میں اولاد نہیں پیدا کرنا چاہتا۔

بعد ازاں یوٹیوبر ڈکی بھائی نے یوٹیوب سے اپنی کمائی پر بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے میں اپنی آمدنی کی تفصیلات شیئر کر دیا کرتا تھا لیکن پھر مجھے لگا کہ میں بری نظر کا شکار ہو رہا ہوں، میری آمدنی بہت اچھی ہے لیکن اب میں اس کے بارے میں نہیں بتانا چاہتا۔

ڈکی بھائی نے کہا کہ میری آمدنی اتنی ہے کہ میں پرائیوٹ جیٹ تو نہیں خرید سکتا لیکن کوئی بھی مہنگی ترین گاڑی خرید سکتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ میری آمدنی کے متعدد ذرائع ہیں، ہمیں برانڈز سے بھی پیسے ملتے ہیں اور ایڈ ریونیو بھی ہماری آمدنی میں شامل ہوتا ہے۔

ڈکی بھائی نے بتایا کہ جو لوگ ٹک ٹاک لائیو اسٹریمز کرتے ہیں وہ زیادہ کماتے ہیں اور تمام کانٹینٹ کری ایٹر تقریباً ایک جیسی آمدنی ہی کماتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید