کراچی (ٹی وی رپورٹ) سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 10خارجی دہشتگرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسنین اختر شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 20 مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں تمام 10دہشتگرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں جہلم سے تعلق رکھنے والے 24سالہ کیپٹن حسنین اختر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن حسنین اختر ایک بہادر افسر تھے اور گزشتہ آپریشنز کے دوران دلیرانہ اور جرات مندانہ کارروائیوں کے لیے مشہور تھے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران مارے گئے خارجی دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔دریں اثنا وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جینس کی بنیاد پر کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نےکاروائی کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حسنین اختر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے۔