اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئیے ہم سب مل کر گلیشیئرز کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں، کیونکہ اگر گلیشیئر ختم ہو گئے تو ان سے منسلک زندگیاں بھی تباہ ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے یہ بات گلیشیئرز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی ۔ جبکہ وزیر اعظم نے سٹاک ایکسچینج کے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 19 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرنے پر اظہار اطمینان کیا ہے وزیر اعظم نے پیغام میں کہا کہ گلیشیئرز کرہ ارض پر زندگی کی ضمانت ہیں جو ماحولیاتی نظام کو قدرتی انداز سے برقرار رکھتے ہیں اور اہم قدرتی وسائل بالخصوص صاف پانی کی فراہمی یقینی بناتے ہیں، 2025 میں ہم دنیا کا پہلا گلیشیئرز کا دن منا رہے ہیں، پاکستان میں 13ہزارسے زائد گلیشیئرز موجود ہیں، یہ تعداد زمین کے قطبی خطوں کے بعد کسی بھی جگہ گلیشیئرز کی پائی جانے والی سب سے زیادہ تعداد ہے، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی صف اول میں کھڑا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے بدلتے موسموں اور بڑھتے ہوئے اوسط درجہ حراست کی وجہ سے 10ہزارسے زائد گلیشیئرز تیزی سے کم ہو رہے ہیں نتیجتاً سیلاب اور خشک سالی کی بدولت دریاؤں، زراعت اور ان سے جڑے لاکھوں لوگوں کے روزگار کو خطرات لاحق ہیں،سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک کے طور پر، پاکستان کو گلیشیئرز کی مانیٹرنگ کے پروگرام، قبل از وقت پیش گوئی کے نظام، ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے محفوظ زرعی طریقوں کو اپنانے، اور پانی ذخیرہ کرنے کے متبادل حل میں سرمایہ کاری کے لیے مزید تعاون کی ضرورت ہے۔ ادھر ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 19 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرنے پر اظہار اطمینان کیا ہے، انہوں نے کہا پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں کاروبار کی مثبت سمت حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تاجروں اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہے۔ بہتر ہوتے معاشی اعشاریے اور کاروباری ماحول پچھلے ایک سال کے دوران حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا،حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے مثبت ماحول کی فراہمی کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر تمام تر سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔