کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ ہمیشہ حکومت سندھ کی اولین ترجیح رہی ہے، تھر ریل کنیکٹیویٹی پروجیکٹ ملکی معیشت اور مقامی باشندوں کے لئے ایک بنیادی تبدیلی ہے، تھر ریل کنیکٹیویٹی منصوبے سے کوئلے کی نقل و حمل میں بہتری آئے گی، اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہسندھ کابینہ نے عوامی مفادات کو مدنظر رکھ کر جو فیصلے کئے وہ وقت کی اہم ضرورت ہیں، توانائی ریگولیشن، سماجی خدمات کے تعاون، ترقیاتی منصوبوں اور کاروباری ماحول میں اصلاحات جیسے اقدامات صوبے میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیپرا سے متعلق فیصلہ اس لئے ضروری تھا تاکہ بجلی کے شعبے میں شفافیت بڑھے اور صارفین کو بہتر خدمات مل سکیں۔