کراچی( سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی تمام ہائر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز میں زیرِ تعلیم آئی ٹی شعبے کے ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے طلبہ کے لیے مہارت کی قابلیت کا امتحان لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جسے مہارت کی قابلیت کا قومی امتحان ( National Skill Competency Test) نام دیا گیا ہے اس امتحان کا مقصد آئی ٹی گریجویٹس کی ملازمت کے لیے تیاری، عملی مہارتوں اور صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگی کو بہتر بنانا ہے۔ ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے مراسلے کے مطابق آئی ٹی سیکٹر میں تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں، ڈیجیٹلائزیشن اور عالمی انضمام کے تناظر میں اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے لیے ضروری ہو چکا ہے کہ وہ صنعت اور اکیڈمیا کے مابین خلا کو کم کریں۔ اسی مقصد کے تحت وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے ذریعے جاری کردہ مراسلے کے بعد، ایچ ای سی نے وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن، پی ایس ای بی، پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پی شاشا) اور نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (این سی ای اے سی) کے اشتراک سے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ مراسلے کے مطابق نومبر 2025 میں وائس چانسلرز اور سینئر تعلیمی قیادت کے ساتھ مشاورتی اجلاسوں کے بعد اس امتحان کا فریم ورک تیار کیا گیا، جس کی منظوری اسٹیئرنگ کمیٹی نے دی۔ امتحان کمپیوٹر بیسڈ ہوگا اور اس کے انعقاد کی ذمہ داری ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کو سونپی گئی ہے، جب کہ مجموعی نگرانی ایچ ای سی کرے گا۔ یہ ٹیسٹ سال میں دو مرتبہ منعقد کیا جائے گا، جس کا پہلا مرحلہ 4 اور 5 اپریل 2026 کو ہوگا۔ کمپیوٹر سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر انجینئرنگ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنس اور دیگر متعلقہ پروگرامز کے ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے تمام طلبہ اس میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ مراسلے میں ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ جو جامعات اس عمل میں حصہ نہیں لیں گی، انہیں قومی سطح پر رینکنگ اور بینچ مارکنگ میں کم ترین درجہ دیا جائے گا، جب کہ شریک جامعات کو طلبہ کی مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر مختلف زمروں میں رکھا جائے گا۔یہ ٹیسٹ صنعت کی منظور شدہ مہارتوں پر مبنی ہوگا، جب کہ کامیاب طلبہ کو مشترکہ سرٹیفکیٹ، قومی ٹیلنٹ پول میں شمولیت، ایک تعلیمی کریڈٹ، اور انٹرن شپ و روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ٹیسٹ میں شرکت مکمل طور پر مفت ہوگی۔ ایچ ای سی نے تمام جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ایک فوکل پرسن نامزد کریں اور اس کی تفصیلات این سی ای اے سی سیکریٹریٹ کو ارسال کریں۔