اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر وقار مہدی نے سندھ میں وفاقی حکومت کے زیرِ کنٹرول شاہراہوں کی دگرگوں صورتحال اور اس کے نتیجے میں آئے روز ہونے والے حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی -سکھر سپر ہائی وے کی فوری مرمت اور 2017ء سے نامکمل جامشورو - سیہون انڈس ہائی وے کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے۔ سینیٹ کے منگل ہونے والے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے سینیٹر وقار مہدی نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے حیدر آباد تک سپر ہائی کو گذشتہ کئی مہینوں سے جگہ جگہ مرمت کے نام پر بند کرکے ٹریفک کو کچے راستوں پر ڈائیورٹ کردیا جاتا ہے، جبکہ ٹریفک ڈائیورژن کو درست انداز میں مینیج نہ کرنے کی وجہ سے آئے روز کئی المناک حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے سکھر روڈ جگہ جگہ بُری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس صرف چالان کرنے کے علاوہ کہیں نظر نہیں آتی اور ٹریفک کو مینج کرنے کے حوالے سے اُس کی کوئی توجہ نہیں ہے۔