اسلام آباد (این این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 2 مقدمات میں ضمانت منظور ہوگئی۔ بشریٰ بی بی کو ایک اور کیس میں ریلیف مل گیا، 26نومبر احتجاج کیس میں 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد افضل مجوکا نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی، اقدام قتل، توڑ پھوڑ، جلا گھیرا اور توشہ خانہ کی جعلی رسیدوں پر مقدمات درج ہیں۔ بشریٰ بی بی کے خلاف بھی توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا کیس تھانہ کوہسار میں درج ہے۔ پراسیکوشن کی جانب سے راجہ نوید حسین کیانی، مظہر بشیر اور طاہر کاظم عدالت میں پیش ہوئے۔ پراسیکوشن نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی مخالفت کی۔اسٹیٹ پراسیکوٹر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی ضمانت کے حقدار نہیں، ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں۔بیرسٹر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل دئیے۔بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ میرے اور عدالت کے کریئر میں ایسی ضمانت کی درخواستیں پہلی ہونگی جن میں اتنی تاخیر ہو، ریاست کا کنڈکٹ عدالت دیکھے جو ازخود سوالیہ نشان ہے، 5 مرتبہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے، میڈیکل بنیادوں پر نہیں میرٹ پر عدالت سے ضمانت مانگیں گے۔