• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی، پاکستان کو میزبانی سے تین ارب روپے کا منافع ہوا، پی سی بی

کراچی(عبدالماجد بھٹی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی کامیابی کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان مخالف مہم کا جواب دیتے ہوئے واضع کیا ہے کہ پاکستان کو میگا ایونٹ کی میزبانی سے تین ارب روپے کا منافع ہوا ہے۔دو ارب روپے کا تخمینہ لگایا تھا توقع سے زیادہ منافع ہوا، یہ منافع گیٹ منی اور گراؤنڈ فیس سے حاصل ہوا ہے، پی سی بی کی طرف سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا کوئی پیسہ نہیں تھا۔دبئی میں آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے سیمی فائنل اور فائنل سمیت بھارت کے پانچ میچوں کی گیٹ منی سےتقریبا 47کروڑ روپے اور پاکستان کے دس میچوں سے تقریبا دو ارب روپے کی گیٹ منی حاصل ہوئی ہے۔جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی کے مشیر عامر میر اور سی ایف او جاوید مرتضیٰ نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈا بے نقاب کرنا ہے جو اس وقت کیا جا رہا ہے، پاکستان دشمن میڈیا ایک جھوٹ کی دکان چلا رہے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میڈیا نے بھی چلایا ہے۔ان سے پاکستان کی کامیابی ہضم نہیں ہورہی۔عامر میر نے کہا کہ تین ارب روپے منافع کا تخمینہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی سب آڈٹ ہونا ہے لیکن اس کے باوجود تین ارب کے منافع کا تخمینہ لگایا ہے، پی سی بی نے چار اب روپے حکومت کو ٹیکس دیا ہے، آئی سی سی نے تمام اخراجات اٹھائے، 70 ملین ڈالرز کا آئی سی سی نے بجٹ بنایا تھا۔عامر میر نے کہا کہ پی سی بی کے پیسے میں کمی نہیں اضافہ ہو رہا ہے، پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کا کامیابی سے انعقاد کیا، تمام بڑی ٹیموں نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی، چیئرمین محسن نقوی نے گراؤنڈز کی آپ گریڈیشن کا مشکل ٹاسک لیا اور پھر مکمل کیا، قذافی اسٹیڈیم 90 فیصد نیا بنا یہ ملک کا اثاثہ ہے۔چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے کہا کہ پی سی بی کو کوئی مالی نقصان نہیں کیا۔عامر میر نے کہا کہ بھارتی میڈیا پی سی بی کے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کر رہا تھا۔ بھارت نے جھوٹا بیانیہ بنایا کہ پاکستان میں کھلاڑیوں کو سیکیورٹی خدشات ہیں۔
اہم خبریں سے مزید