• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جڑواں شہروں میں ٹریفک آج متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کی جائیگی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ) سٹی ٹریفک پولیس نے یوم پاکستان پریڈ کے حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ 121افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ نے بتایا کہ ٹریفک پلان کے مطابق ہیوی ٹریفک کا داخلہ راولپنڈی شہر میں ممنوع ہوگا اور دیگر ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس پشاور سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو اٹک پل ، ہروپل ، مارگلہ ، ٹیکسلا اور چونگی نمبر 26 پر روکے گی اور لاہور کی طرف سے جی ٹی روڈ پر آنے والی دیگر ٹریفک کو گجرات جہلم پل ، مندرہ ٹول پلازہ اور روات ٹی چوک روکا جائے گا جبکہ دیگر ٹریفک کو راولپنڈی کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا ۔ ٹریفک پلان میں ایک ایس پی/ایس ٹی او ،11 ڈی ایس پیز ،11سینئر ٹریفک وارڈنز اور 99 ٹریفک وارڈنز و ٹریفک اسسٹنٹس کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے تاکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہ سکے۔  اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بھی  آج  23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر ہیوی ٹریفک کے لئے روٹ پلان تشکیل دے دیا۔ مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورشن پلان ترتیب دیا گیا ہے، 23 مارچ  کی   سہ پہر 3 بجے تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا اسلام آباد میں داخلہ ممنوع ہو گا۔23 مارچ کو  6 بجے صبح سے  ایک   بجے دن تک سری نگر ہائی وے،  سیونتھ ایونیو سے کوڑیانوالہ چوک تک آنے جانے والی ٹریفک کے لئے بند ہوگی،بہارہ کہو جانے والی ٹریفک سیونتھ ایونیو سے پاک چائینہ روڈ، راول ڈیم چوک، کشمیر چوک، کلب روڈ کا استعمال کرےگی،روٹ کے باعث سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک تعطل کا شکار رہے گی۔ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کاکہنا تھاکہ پشاور سے لاہور جانیوالی ہیوی ٹریفک براستہ ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹر وے استعمال کرے،لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانیوالی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے،جی ٹی روڈ پشاور سے روات جانے والے شہری ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ، روات ،لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے شہری روات، چک بیلی روڈ چکری، ٹیکسلا موٹروے استعمال کرے۔  شہریوں کی رہنمائی کے لیئے اسلام آباد ٹریفک پولیس مختلف مقامات پر موجود رہے گی۔  سفر کے دوران کسی بھی پریشانی اور رہنمائی کے لیئے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ  کیا جا سکتا  ہے۔
اسلام آباد سے مزید