کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں پاکستان ٹیم 105 پر آئوٹ ہوگئی۔ 2018 میں بھی پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف105رنز پر آئوٹ ہوچکی ہے۔ یہ پاکستان کا اس فارمیٹ میں دسواں سب سے کم اسکور ہے ۔پہلے میچ میں91رنز پر آئوٹ ہونے کے بعد ایک موقع پر خطرہ تھا کہ پاکستان سو رنز بھی نہیں بناسکے گا لیکن عبدالصمدنے سو رنز بنانے میں مدد دی۔ آکلینڈ میں تیسرے میچ کی شاندار جیت کے بعد بیٹرز سے امیدیں وابستہ تھیں۔ لیکن ریکارڈ ساز سنچری بنانے والے حسن نواز صرف ایک رنز ، محمد حارث دو اور سلمان علی آغا ایک رن بنا سکے۔ پانچواں اور آخری میچ بدھ کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس فارمیٹ میں قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کم سے کم اسکور 74 پر بھی آؤٹ ہوچکی ہے۔ ہیگنلے اوول میں پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم 91 رنز پر آئوٹ ہوئی تھی۔ یہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا سب سے کم اسکور تھا۔ پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف82، بھارت کے خلاف83 اور انگلینڈ کے خلاف89 رنز پر آئوٹ ہوچکی ہے۔