کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)گوالمنڈی پولیس نے غفور خان باغ کاسی روڈ میں تاجر کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈکیت گرفتار کر کے موبائل فونز، رسی اور اسلحہ قبضے میں لے لیاگیا۔ ملزمان نے اہلخانہ کو یرغمال بنا رکھا تھا پولیس کے مطابق کاسی روڈ کے علاقے غفور خان باغ میں رہائش پذیر کاسی روڈ شالدرہ میں مقامی بیکری کے مالک تاجر شفیق احمد کے گھر میں گزشتہ شب تین ڈکیت داخل ہوئے اور اہلخانہ کو اسلحے کے زور پر یر غمال بنا لیا تاہم ایک ہمسائے نے ڈاکوئوں کو گھر میں داخل ہوتے ہوئے دیکھ کر فوری طور پر ایس ایچ او گوالمنڈی بابر بلوچ کو آگاہ کیا جنہوں نے دیگر عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر گھر کو گھیرے میں لے لیا پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوئوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم پولیس نے بہتر حکمت عملی سے تینوں ڈکیت الیہان ،بلاول احمد اور معیت کو گرفتار کر کے تین ٹی ٹی ،چار موبائل فونز، رسی اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا ۔