یورپی یونین نے اپنے تمام شہریوں کو کسی بھی ہنگامی بحران کا سامنا کرنے کے لیے 72 گھنٹے کی ایمرجنسی کٹ جمع کرنے کی تاکید کردی۔ اس ایمرجنسی کٹ میں خوراک، پانی، اہم شناختی دستاویزات کی نقول، بتائی گئی دیگر اشیاء کے ساتھ شامل ہونی چاہئیں۔
جبکہ دیگر اشیاء میں خوراک اور پانی کے علاوہ ادویات، ایک پورٹیبل ریڈیو، ایک ٹارچ، اسپیئر بیٹریاں، فون چارجرز، نقدی، اہم دستاویزات کی کاپیاں بشمول طبی نسخے، اضافی چابیاں، گرم کپڑے اور سوئس ٹول کٹ جیسے بنیادی اوزار شامل ہیں۔
یہ تاکید یورپین کمیشن کی جانب سے شروع کردہ ' تیاری کی حکمت عملی (Preparednesn Strategy) کے تحت کی گئی ہے۔ جس میں یورپی یونین چاہتی ہے کہ اس کی ہر رکن ریاست اپنے شہریوں کےلیے کسی بھی نئے بحران کا سامنا کرنے کےلیے 72 گھنٹے کی بقا کی کٹ تیار کرے۔ جبکہ اس مہم میں ممبر ریاستوں پر ضروری سامان کی مزید ذخیرہ اندوزی اور سویلین ملٹری تعاون کو بہتر بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
اس پریپیریڈنیس اسٹریٹجی کا اعلان آج برسلز میں یورپین کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ اور انسانی امداد ہادجا لحبیب نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ "کسی بھی چیز کے لیے تیار"، یہ ہمارا نیا یورپی طرز زندگی، ہمارا نصب العین اور ہمارا ہیش ٹیگ ہونا چاہیے۔
ان کے مطابق ہنگامی تیاری کیلئے یورپی کمیشن کی اس حکمت عملی میں 30 ٹھوس اقدامات کی فہرست شامل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کو قدرتی آفات اور صنعتی حادثات سے لے کر سائبر یا فوجی ڈومینز میں بدنیتی پر مبنی عناصر کے حملوں تک مستقبل کے ممکنہ بحرانوں کے خلاف اپنی تیاریوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔