کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک سال میں گیارہ کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرایا جو دنیا کی کسی بھی ٹیم میں سب سے زیادہ ہے۔ حسن نواز کمزور تکنیک کے ساتھ سیریز میں تین بار صفر پر آئوٹ ہوئے۔ لیہ سے تعلق رکھنے والے حسن نواز نے آکلینڈ میں سنچری بناکر پاکستان کو واحد جیت دلوائی لیکن ان کی مجموعی کارکردگی مایوس کن رہی۔ وہ پانچویں میچ میں کوئی رن نہ بناسکے، اس طرح ایک ہی ٹی20 سیریز میں تین بار صفر پر آؤٹ ہوکر ناپسندیدہ ریکارڈ بنایا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کیخلاف 16 مارچ کو اپنا ڈیبیو کیا ،ابتدائی دو میچز میں کھاتہ نہ کھول سکے۔ تیسرے میچ میں سنچری بناکر شہ سرخیوں میں جگہ بنائی۔ پھر چوتھے میچ میں ایک اور پانچویں اور آخری میچ میں پھر صفر پر پویلین روانہ ہوئے ۔ محمد رضوان کیریئر میں چار ، محمد حفیظ تین اور شاہ زیب حسن دو بار صفر پر آئوٹ ہوچکے ہیں۔