اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ معاہدے میں آرمی چیف کا بھی بھی بہت اہم کرداررہا‘تنخواہ دار طبقے اورعام آدمی نے بھی قربانی دی ‘مخالفین نے ڈھنڈورے پیٹے کہ اب آیا منی بجٹ لیکن الحمدللہ منی بجٹ نہیں آیا‘دن رات کی محنت اور ایک ٹیم ورک کے نتیجے میں کامیابی حاصل ہوئی‘کپتان اکیلا کچھ نہیں کرسکتا، 11لوگوں کی ٹیم میں ایک کپتان ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے تمام شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کابینہ کو بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ گزشتہ شب اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے‘معاہدے کے حوالے سے اغیارکے اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے ڈھنڈورے پیٹے تھے کہ منی بجٹ کے بغیر آئی ایم ایف آگے نہیں بڑھے گا‘دہشتگردی اور مہنگائی کے باوجود معاہدہ طے پانا حکومت کی سنجیدگی کا عکاس ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ایک اعشاریہ تین ارب ڈالرکا آر ایس ایف بھی شامل ہے۔