لاہور(آصف محمود بٹ ) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ کریں گے۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ انکا یہ دورہ اگلے چند روز میں متوقع ہے۔ یہ نیب کے کسی بھی سربراہ کا لاہور چیمبر کا پہلا دورہ ہوگا۔ متوقع دورہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی جی نیب محمداحترام ڈار لاہور چیمبر کا پہلے ہی دورہ کرچکے ہیں۔ ذرائع نے بتایا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران نیب چیئرمین سے ملاقات میں کاروباری برادری کو درپیش اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ توقع ہے کہ ریگولیٹری معاملات، منصفانہ احتساب اور کاروباری ترقی میں رکاوٹ نہ بننے والی پالیسیوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔