پشاور ( لیڈی رپورٹر )اپر چترال تورکھو اور موڑکھو کے عوام نے حکومت کی جانب سے ان علاقوں کو پیسکو (PESCO) کے حوالے کرنے کے فیصلے کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور شدید احتجاج کا اعلان کیا ہے۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمیر خلیل اللہ، مولانا جاوید حسین، پیر مختار، طاہر الدین شادان، شمس النبی معاویہ، قاری نور مراد، غلام مرتضی، اعجاز رحمن اور عظیم سرور ساحل سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پیڈو (PEDO) ایک صوبائی ادارہ ہے جو ہائیڈرو پاور کے ذریعے سستی بجلی فراہم کرتا ہے، جبکہ پیسکو ایک وفاقی ادارہ ہے جس کی بجلی مہنگی اور اضافی ٹیکسوں سے بھری ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تورکھو اور موڑکھو جیسے پسماندہ علاقوں کے عوام مہنگے نرخوں کو برداشت نہیں کر سکتے، اس لیے یہ فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔پریس کانفرنس میں بونی بزند روڈ اور موڑکھو روڈ کی عدم تکمیل پر بھی شدید احتجاج کیا گیا۔