اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، پوری قوم کو متحد ہو کر ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ بدھ کو صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو دہشتگردی سے پاک کر کے دم لیں گے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف ملکی دفاع کی ضامن ہے بلکہ وہ اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خلاف ہر محاذ پر برسر پیکار ہے۔ دانیال چوہدری نے صحافیوں کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ قومی بیانیے کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا، امید ہے کہ مستقبل میں بھی میڈیا ریاست کے استحکام اور ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں بحیثیت قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔