اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) جائیداد سے بیوی حصے کے حصول کے لئے داماد نے مبینہ طور پر سسرال کے گھر مسلح افراد کے ذریعے حملہ کروایا دیا جس سے دو حملہ آوروں سمیت تین افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ تھانہ لوئی بھیر کے علاقہ بحریہ ٹاؤن فیز تھری میں فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کو محمد حفیظ نے بتایا کہ وہ اور اس کا بھائی نوید حنیف گھر میں موجود تھے۔ نوید کے دوست یاسر ستی وغیرہ گھر پر ملنے آئے ہوئے تھے۔ ہم اپنے دوستوں کو الوداع کرنے گھر سے نکل رہے تھے کہ دو گاڑیاں ہمارے پاس سے گذر کر تھوڑا آگے کھڑی ہوئیں جن میں سے دس بارہ افراد آئے اور گالم گلوچ کی ۔ہم نے منع کیا جس پر انہوں نے فائرنگ کر دی۔ نوید جنیف کو چھاتی پر اور یاسر ستی ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئے، حملہ اوروں کے دو ساتھی بھی ان کی اپنی گولیاں لگنے سے جا ں بحق ہو گئے ۔زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا جہاں نوید جاں بحق ہوگیا۔ہماری ہمشیرہ کی شادی شہزاد مغل کے ساتھ ہوئی تھی جس نے دھمکی دی تھی کہ وہ ہماری ہمشیرہ کا جائیداد سے حصہ لے گا ۔پولیس نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں کبیر اور بلال بھی شامل ہیں اور ان کے ورثاء کی طرف سے ابھی تک پولیس سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا۔ پولیس مصروف تفتیش تھی۔