کراچی(اسٹاف رپورٹر) لاہور بلوز نے حسین طلعت کی قیادت میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا۔ جمعرات کو اقبال اسٹیڈیم میں فائنل میں پشاور کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کی خاص بات لاہور بلوز کے بائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد سلمان مرزا کی عمدہ بولنگ تھی جنہوں نے صرف 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور نے ٹاس جیت کر 9 وکٹ پر 110 رنز اسکور کیے۔ پشاور کی امیدیں ٹورنامنٹ میں تین سنچریاں بنانے والے صاحبزادہ فرحان سے وابستہ تھیں تاہم وہ ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ کپتان افتخار احمد دو چوکوں کی مدد سے 34 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ وکٹ کیپر ذوالکفل نے32 رنز کی اننگز کھیلی۔ مین آف دی میچ محمد سلمان مرزا نے 21 رنز دے کر4 اور محمد عرفان نے دو شکار کیے۔ لاہور بلوز نے111رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا