اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف کا کہناہے کہ انتہا پسندی ، نفرت اور تقسیم کے رویے اسلامی تعلیمات اور سوچ کے منافی ہیں ‘ اسلامی نظریاتی کونسل اورعلماءکرام نوجوان نسل کو منفی رویوں اورجھوٹے پروپیگنڈہ کی یلغار سے تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ا دا کریں‘ہمیں اجتماعی تدبر اورحکمت عملی سے آگے بڑھنا اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو اسلامی نظریاتی کونسل کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کونسل کے کریڈٹ پر اسلامی بنکاری کے کامیاب نظام متعارف کرانے کا کارنامہ ہے جوکوئی چھوٹا کارنامہ نہیں‘اس سے دنیا میں کئی اسلامی ممالک میں اسلامی بنکاری کا نظام پروان چڑھا اور اب غیرمسلم ممالک میں بھی اس پر بڑا کام ہورہا ہے‘جدید ٹیکنالوجی نے دنیا کو مکمل طور پر بدل دیا ہے ، ہمیں بھی اسی رفتار کے ساتھ چلنا ہوگا‘ہمیں ریاست، معاشرے اور فرد کے طور پر اسلام کے روشن راستے پرچلنا ہے تاکہ قیام پاکستان کے اصل مقاصد حاصل ہوسکیں ۔