• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

CSA اور پنجاب یونیورسٹی کے چینی کنفیوشس سنٹر کے مابین MOU پر دستخط

لاہور(آصف محمود بٹ ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی اور پنجاب یونیورسٹی کے چینی کنفیوشس سنٹر کے مابین مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تاریخی تقریب کا انعقاد کیا۔ سول سروسز اکیڈمی والٹن کیمپس میں ہونے والی اس تاریخی شراکت داری کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تبادلے، افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔ لاہور میں چینی قونصلیٹ کے پولیٹیکل اینڈ پریس آفس کے ڈائریکٹر مسٹر لی ہوٹینگ نے سول سروسز اکیڈمی اور پنجاب یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کو اس اہم تعاون پر مبارکباد دی۔ مسٹر لی ہوٹینگ نے کہا کہ یہ منصوبہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون اور شراکت داری کے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔اقبال آڈیٹوریم سول سروسز اکیڈمی میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں کئی معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں پرو وی سی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چینی قونصلیٹ کے پولیٹیکل اینڈ پریس آفس کے ڈائریکٹر مسٹر لی ہوٹینگ، ڈائریکٹر یونیورسٹی آف پنجاب پروفیسر ڈاکٹر صوبیہ خرم یونیورسٹی آف پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ شامل تھے۔پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر خالد محمود نے ایم او یو پر دستخط کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ CSA کے ساتھ ہماری موجودہ شراکت داریوں اور مفاہمت نامے کا ہونا خوشی کی بات ہے۔ پرو وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ 10 سال پہلے قائم کیا گیا تھا اور ہم اس معاہدے کے ذریعے CSA کے ساتھ اپنے تعاون کو باضابطہ بنانے پر بہت خوش ہیں۔پنجاب یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف کنفیوشس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر صوبیہ خرم نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کنفیوشس چین کے تعاون سے قائم کیا گیا تھا جس کا کثیر جہتی مینڈیٹ ہے جس میں چینی زبان کے کورسز کی تعلیم اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم CSA کے ساتھ اپنے تعاون کو وسعت پر بہت خوش ہیں۔ ڈاکٹر صوبیہ خرم نے کہا کہ ہم سب ملکر اکیڈیمیا، انڈسٹری اور سرکاری روابط کی راہیں تلاش کر رہے ہیں اور ہم اس کوشش میں تعاون پر ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ کے شکر گزار ہیں۔ سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ ہمیں پنجاب یونیورسٹی کنفیوشس سنٹر کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ تعاون ہمارے افسران کی پیشہ ورانہ ترقی پر گہرا اثر ڈالے گا۔ فرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ یہ شراکت داری سول سروسز اکیڈمی کی بہترین کارکردگی کے عزم اور افسروں کی ایک Corps تیار کرنے کے اس کے وژن کا ثبوت ہے جو اعزازکے ساتھ قوم کی خدمت کر سکے۔
اہم خبریں سے مزید