راولپنڈی، اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار، خصوصی نمائندہ، خبر نگار خصوصی) عالمی یوم القدس حمایت مظلومین جمعۃ الوداع کو مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کے جذبے کیساتھ منایا گیا۔ اس موقع پرقبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔راولپنڈی میں ٹی این ایف جے کی ضلعی یوم القدس حمایتِ مظلومین کمیٹی کے زیرِ اہتمام امامبارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے حمایتِ مظلومین ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ریجنل صدر علامہ سید شبیہ الحسن کاظمی، شوکت عباس جعفری، مخدوم باوا سید فرزند علی کاظمی، علامہ حافظ کرار کاظمی سمیت دیگر رہنما کر رہے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شبیہ الحسن کاظمی نے اسلامی ملکوں سے مطالبہ کیا کہ غزہ کے بلکتے ہوئے مظلوموں کی داد رسی کی جائے۔چوہدری مشتاق حسین،سید نصیر حسین سبنرواری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔جامع مسجدقصرخدیجۃ الکبریٰ ترلائی کلاں سے بعدنمازجمعہ احتجاجی ریلی سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ راجہ بشارت حسین امامی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ دربار سخی محمود بادشاہ سے بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی اور آبپارہ چوک میں مظاہرین سیذوالفقارعلی راجہ نے خطاب کیا۔ دریں اثناءسربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے جامع مسجداہلبیت واہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود غاصب اسرائیلی فورسز کی غزہ میں دہشت گردی افسوس ناک اورگریٹراسرائیل کی ایجنڈاکی تکمیل ہے۔