راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ٹرانسپورٹ گاڑی کو فٹنس سر ٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کے بغیر کسی بھی اڈے، ٹرمینل یا بس اسٹینڈ سے چلنے کی اجازت نہ دی جائے۔ ٹرانسپورٹرز کو مقررہ کرایہ وصول کرنے کا پابند بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مسافروں کی گنجائش سے زائد لوڈنگ نہ کی جائے، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عامر خٹک نے کہا کہ کنٹرول روم میں متعلقہ افسران کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے ۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے راشد علی نے کہا کہ مختلف علاقوں کے لئے خصوصی سکواڈز تشکیل دئیے گئے ہیں۔