• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی مصر و تاجکستان کے صدور سلطان عمان، امیر قطر کو عید کی مبارکباد

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)وزیر اعظم کی مصر وتاجکستان کےصدور،سلطان عمان،امیر قطرکوعیدکی مبارکباد،عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال، دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ ،وزیراعظم محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز مصر کے صدر عزت مآب عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور مصر کے ساتھ پاکستان کے موجودہ تعاون اور دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اہم عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مصری صدر نے بھی وزیرِ اعظم کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور اس خوشی کے موقع پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مصر کی پاکستان کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے پاکستان کے ہیپیٹائیٹس پروگرام میں مصر سے تعاون کی درخواست کی. مصری صدر نے کہا کہ عید کے بعد اس حوالے سے مصر کی وزارت صحت کا اعلی سطح وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عمان کے سلطان، عزت مآب ہیثم بن طارق سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے عمان کے سلطان کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

اہم خبریں سے مزید