کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد رضوان کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم اتوار کو نیپئر سے ہملٹن پہنچ گئی ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پیر کو دوسرے ون ڈے انٹر نیشنل سے قبل پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دے دی تھی۔ نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم منگل کو ہملٹن میں عید منائے گی ۔ نیوزی لینڈ میں اتوار کو چاند نظر نہیں آیا اس لئے 30روزے ہوں گے۔ پاکستانی کرکٹرز ہیملٹن میں اپنے دوستوں کے گھر دعوت پر مدعو ہیں۔ خیال رہے کہ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے ایک بولر کو کم کھلانے پر تنقید کی تھی۔ امکان ہے کہ پاکستان ٹیم میں ایک ریگولر بولر کو شامل کیا جائے گا۔ پہلا میچ ہارنے کے بعد محمد یوسف نے کہا تھا کہ ہمارے دونوں پارٹ ٹائم بولر کو تقریباً 130 رنز پڑ گئے لیکن اس وقت ٹیم کی سلیکشن پر بات کرنا مناسب نہیں ہے، لیکن یہی دونوں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے اور ہم نیوزی لینڈ کو 260 یا 270 پر روک دیتے تو یہ بات نہیں ہوتی تاہم اچھی بولنگ وکٹ ہونے کے باوجود مخالف ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی۔ ہم اگلے میچز میں دیکھیں گے کہ پانچواں بولر کس کو کھلائیں کیوں کہ اگر مکمل بولر کھیلے گا تو اتنے رنز نہیں بنیں گے کیوں کہ باقی بولروں نے کم رنز دیئےہیں، کسی نے 45 تو 50 تو کسی نے 60 رنز دیے۔