بھارت کے مقبول ترین سٹکام ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے پروڈیوسر آسیت مودی نے دیابین کی شو میں واپسی کے معاملے پر خاموشی توڑ دی۔
چند روز قبل خبریں آئی تھی کہ سٹکام کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے کردار ’دیابین‘ کی تلاش تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ یہ کردار پہلے دیشا وکانی نے نبھایا تھا، لیکن 2017 میں انہوں نے اپنے بچوں پر توجہ دینے کےلیے شو سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔
دیشا وکانی کی واپسی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں آسیت کمار مودی نے کہا کہ ہم صرف دعا ہی کر سکتے ہیں کہ دیشا وکانی بطور دیابین واپس آ جائیں۔ وہ میری بہن جیسی ہیں اور ان پر کچھ خاندانی ذمہ داریاں بھی ہیں، جن کی وجہ سے ان کے لیے واپسی مشکل ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم آج بھی انہیں یاد کرتے ہیں، وہ اپنے ساتھی اداکاروں اور ٹیم کے ساتھ بہت مخلص اور خیال رکھنے والی تھیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہمیں ان جیسا ہی کوئی مل جائے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹی وی اداکارہ کاجل پسال کو دیابین کے کردار کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جس کے بعد کاجل کی دیابین کے روپ میں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگیں۔ تاہم قیاس آرائیوں پر ردعمل دیتے ہوئے اداکارہ نے وضاحت کی کہ یہ خبر بالکل جعلی ہے اور وائرل ہونے والی تصاویر پرانی ہیں۔
آسیت مودی کا کہنا ہے کہ لوگ بے صبری سے دیا بھابھی کا انتظار کر رہے ہیں اور میں جلد ہی اس کا فیصلہ کروں گا۔ لوگ کہتے ہیں دیابین کے بغیر وہ شو اتنا انجوائے نہیں کرتے اور میں اس سے متفق ہوں۔