کراچی( اسٹاف رپورٹر ) اورنگی ٹاؤن گلشن بہار اللہ وارث چوک کے قریب چاند رات کو لوٹ مار کرنے والے دو ڈکیتوں کو شہریوں نے پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج ایک ڈاکو شیر علی دم توڑ گیا ، علی امام زخمی ہے ، ملزمان سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ،ملزمان کے زیراستعمال موٹرسائیکل بھی چوری شدہ تھی ، دریں اثنا عید کے تیسرے روز نیو کراچی انڈسٹریل پولیس نے خمیسو گوٹھ گورنمنٹ پرائمری اسکول کے قریب مبینہ مقابلے میں انتہائی مطلوب منشیات فروش عبدالغفار عرف اقبال ولد اللہ ڈنو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے پستول 30 بور اور 2600 گرام کے قریب چرس اور نقد رقم برآمد کرلی گئی ،ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے تھانہ بغدادی، کلاکوٹ اور چاکیواڑہ کی حدود سے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے 3 پستول ، 700 گرام چرس برآمد کرلی ، ملزمان کی شناخت وسیم عرف دبئی، ماہ زین، انیس عرف عیسیٰ اور سعید کے ناموں سے ہوئی ہے ،گلشن اقبال پولیس نے دو اسٹریٹ کرمنلز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ،پولیس کے مطابق ملزمان مبینہ ٹاؤن کے علاقے میں شہریوں سے اسلحہ کے زور پر موبائل فونز چھین کر فرار ہوئے تھے ،ملزمان میں سائل ولد اعظم اور غنی ولد عبد الرزاق شامل ہیں ،تھانہ سائٹ بی پولیس نے مبینہ طور پرڈکیتی کی واردات میں ملوث 2 ملزمان زبیر اور معید کو گرفتار کرکے غیر قانونی 9mm پستول ، چھینے گئے دو موبائل اور کیش برآمد کرلیا گیا ،ملزمان کی شناخت ضیاء اور اسلم کے ناموں سے ہوئی ہے ۔