کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس پر انہیں آئیسولیٹ کر دیا گیا ہے۔تمام ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ایوان صدر کی پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ مختلف ٹیسٹوں کے بعد اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ صدر مملکت کورونا میں مبتلا ہیں اور انہیں اس وقت آئیسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی ایک ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی ہے اور صدر مملکت کی حالت بہتر ہے۔ان کا کہنا تھاکہ آصف علی زرداری انفیکشنز ڈیزیز کے ماہرین کے زیرعلاج ہیں اور ان سے ملاقاتوں پر مکمل پابندی ہے۔ واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو طبیعت خراب ہونے پر نوابشاہ سے کراچی منتقل کیا گیا تھا اور وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔