لاہور(آصف محمود بٹ ) وزیر اعلی ٰمریم نواز شریف کے احکامات پر پنجاب کے بین الصوبائی بارڈر پر امن عامہ برقرار رکھنے کے لئے محکمہ داخلہ کے زیر کنٹرول قبائلی فورس بارڈ ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی میں 27 سال بعد بھرتیاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر قبائلی فورسز میں میرٹ اور شفافیت سے بھرتیاں مکمل ہو ئی ہیں ۔ ، پہلی مرتبہ خواتین کوٹہ مقرر , ریکروٹمنٹ پینل کے چیئرمین ریکروٹمنٹ کمیٹی کمشنر ڈی جی خان ڈویژن اشفاق احمد تھے جبکہ دیگر ممبران میں ملتان ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے ڈی آئی جی گوہر مشتاق بھٹہ،ڈی آئی جی شعیب خرم، ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان محمد عثمان خالد ،ڈپٹی کمشنر راجنپور شفقت اللہ مشتاق،دونوں اضلاع کے پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ ،محمد قاسم کے علاؤہ ،ڈپٹی سیکرٹری داخلہ تہنیت بخاری اور پاک آرمی کے نمائندہ شامل تھے۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ قبائلی فورس میں پہلی مرتبہ خواتین کا کوٹہ مقرر کیا گیا اور مختلف آسامیوں کےلئے خواتین کامیاب ہوئیں۔ضلع ڈیرہ غازی خان میں بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی میں سوار،نائیک اور دیگر آسامیوں کےلئے 10236 درخواستیں موصول ہوئیں۔جانچ پڑتال،سکروٹنی،دوڑ اور تحریری ٹیسٹ کے بعد 771 امیدواروں نے انٹرویوز کےلئے کوالیفائی کیا جن میں سے 325 کامیاب قرار پائے۔ذرائع کے مطابق ضلع راجن پور میں 2855 درخواستیں موصول ہوئیں،جانچ پڑتال،سکروٹنی،دوڑ اور تحریری ٹیسٹ کے بعد 525 امیدواروں نے انٹرویو کےلئے کوالیفائی کیا جن میں سے 180کامیاب ہوئے۔ اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ کے رابطہ کرنے پر کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویثرن اشفاق احمد نے بتایا کہ کامیاب امیدواروں کی اسناد اور کوائف کی تصدیق کرائی جائے گی۔ کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ اہل امیدواروں کو جاب آفر لیٹرز جاری ہوں گے اور کامیاب مرد و خواتین امیدواروں کو چھ ماہ کی ضروری تربیت کرنا ہوگی۔ کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر قبائلی فورسز میں میرٹ اور شفافیت سے بھرتیاں مکمل ہو ئی ہیں ۔ اس حوالے سے ’’جنگ‘‘ کے رابطہ کرنے پر بارڈر ملٹری پولیس میں بھرتی کے خواہشمند بلوچ قبیلے کے امیدوار یار محمد نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ میں کوہ سلیمان کی ایک غریب فیملی سے ہوں.میرے والدین نے بڑی مشکل سے مجھے پڑھایا.میرے آس پاس کے لوگ مجھے کہا کرتے تھے کہ پڑھائی میں کیا رکھا ہے.ہم غریبوں نے بس پڑھنا ہے اور نوکریاں/ملازمت تو سرمایہ داروں کوملتے ہیں.لیکن میں نے یہ سوچ کر محنت سے پڑھائی کیا کہ کوئی تو ایسی حکومت آئیگی جس میں کوئی ایسا آفیسر آئے گا جو صرف میرٹ پر یقیین رکھتا ہوگا۔ یار محمد بلوچ نے بتایا کہ جس طرح بھرتیوں کا عمل مکمل کیا گیا مجھے یقین آگیا کہ پنجاب میں مریم نواز شریف کی حکومت اور ان کی طرف سے بنائی گئی ریکروٹمنٹ کمیٹی نے میرٹ پر اس سارے پراسس کو مکمل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ یار محمد بلوچ نے کہا کہ آج میرے والدین سمیت ہرغریب کامیاب امیدوارکے والدین کے آنکھوں میں خوشی کے آنسو کے ساتھ ساتھ کمشنر ڈی جی خان سمیت دیگر لاانفورسمنٹ ادروں اور پی اے بی ایم پی کےلئے نیک دعائیں ہیں ۔ آج کوہ سلیمان میں اس لئے بھی خوشی کا سماں ہے کہ تاریخ میں پہلی بار میری بہنوں کو بھی بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی میں ملازمت ملی ہے۔ یار محمد بلوچ نے کہا کوہ سلیمان ایک وسع وعریض علاقہ ہے جسے اگر پنجاب کا حفاظتی باڑ کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا.امید ہے پنجاب کے اس حفاظتی باڑ کو مزید مضبوط بنانے کیلیئے بارڈملڑی پولیس اور بلوچ لیوی فورس میں مستقبل میں مزید میرٹ پہ بھرتیاں ہونگی۔