روم(نیوزڈیسک)روم کے مشرقی علاقے ٹورے اینجیلا میں واقع ٹیسلا ڈیلرشپ میں آتشزدگی کے واقعے میں ایلون مسک کی کمپنی کی 17 الیکٹرک گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ یہ واقعہ پیر کی علی الصباح پیش آیا، جس کے بعد اٹلی کی وزارتِ داخلہ نے ملک بھر کی پولیس فورسز کو ٹیسلا کے شورومز کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت جاری کی ہے۔اطلاعات کے مطابق، ریاستی پولیس کے انسدادِ دہشت گردی یونٹ ڈیگوس نے تفتیش شروع کر دی ہے کہ آیا یہ حملہ انارکسٹوں کی جانب سے کیا گیاایلون مسک نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس واقعے کو "دہشت گردی" قرار دیا ہے۔ اٹلی میں اس وقت 13 ٹیسلا شورومز موجود ہیں، جن میں سے زیادہ تر روم، فلورنس اور میلان جیسے بڑے شہروں میں واقع ہیں۔وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق، جاری کردہ سرکلر کا مقصد پولیس کو ممکنہ احتجاجی کارروائیوں سے آگاہ کرنا ہے، خاص طور پر اس عالمی لہر کے تناظر میں جس میں ایلون مسک کی سیاسی سرگرمیوں کے خلاف ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ضرورت پڑنے پر شورومز پر نگرانی میں اضافہ کیا جائے گا۔