کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کی ہاکی ٹیم ایشیا کپ میں حصہ لینے کیلئے رواں سال اگست میں بھارت کا دورہ کرے گی ، ایونٹ 29 اگست سے 7 ستمبر تک بہار کے راجگیر کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔ یہ اعلان پیر کے روز کیا گیا، دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیمیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد ایک دوسرے کے ممالک میں کھیلنے سے گریزاں ہیں۔ پاکستان نے آخری بار 2023 میں چنئی میں ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا، جہاں وہ چھ ٹیموں کے ایونٹ میں پانچویں نمبر پر رہی تھی ۔ ہاکی انڈیا کے صدر دلیپ نے بتایا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کوئی بھی میچ دنیا بھر میں دلچسپ اور دیکھنے کے قابل ہوتا ہے۔ 2023 میں چنئی میں بھی دونوں ٹیموں نے اچھا کھیل پیش کیا تھا، اور راجگیر میں بھی مداحوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنے آئے گی۔پاکستان کی ہاکی ٹیم کے علاوہ، بھارت نے ماضی میں بھی کئی کھیلوں کے مقابلوں کے لئے پاکستانی ٹیموں کی میزبانی کی ہے، جیسے کہ 2018 ورلڈ کپ، 2014 چیمپئنز ٹرافی، اور 2023 میں ساف چیمپئن شپ۔ اسی طرح بھارتی ٹیم نے بھی لاہور میں بریج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ چیمپئن شپ میں حصہ لیا اور چار طلائی تمغے جیتے۔ ایشیا کپ میں پاکستان کے علاوہ جاپان، جنوبی کوریا، چین، اور ملائیشیا سمیت چھ دیگر ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ باقی دو ٹیمیں کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے ذریعے منتخب ہوں گی۔