کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی سینیٹر کوری بُکر نے سینیٹ میں مسلسل 25گھنٹے 4منٹ تک خطاب کرکے 68؍ سالہ پرانا ریکارڈ توڑ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے یہ خطاب ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کیخلاف احتجاج کے طور پر کیا۔ اس موقع پر کئی ڈیموکریٹ سینیٹرز بھی ان کے ساتھ تھے۔ کوری بُکر کا تعلق امریکی ریاست نیو جرسی سے ہے۔ انہوں نے پیر کی شام 7بجے خطاب شروع کیا اور کہا کہ وہ اس وقت تک خطاب کرتے رہیں گے جب تک جسمانی لحاظ سے ان کیلئے ممکن رہے گا، بولتے رہیں گے۔ منگل کی رات 8 بجے کے بعد جب ان کا خطاب ختم ہوا تو وہ جذباتی ہو چکے تھے اور نم آنکھوں کے ساتھ دل پر ہاتھ رکھے اپنے ساتھی سینیٹرز سے داد وصول کر رہے تھے۔ اپنے خطاب سے قبل ایک ویڈیو پیغام میں بُکر نے کہا تھا کہ مجھے ملک بھر کے عوام کہہ رہے ہیں کہ کانگریس کو زیادہ کچھ کرنا چاہئے، ہمیں درپیش بحران کی شدت کو سمجھنا ہوگا، کچھ نیا اور مختلف کرنا ہوگا۔ کوری بُکر نے اس خطاب سے 1957میں نسل پرست سینیٹر اسٹرام تھرمنڈ کے 24 گھنٹے 18 منٹ کے ریکارڈ کو توڑا۔ اسٹرام تھرمنڈ نے یہ خطاب سول رائٹس ایکٹ کیخلاف کیا تھا۔