• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پروفیسر جہاں آراء ڈاؤ اور پروفیسر زاہد اقبال سکرنڈ یونیورسٹی کے قائم مقام وی سیز مقرر

کراچی( سید محمد عسکری) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈائو میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر جہاں آراء کو ڈائو میڈیکل یونیورسٹی کا قائم مقام وائس چانسلر اور پروفیسر زاہد اقبال راجپوت کو شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز سکرنڈ کا قائم مقام وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ ڈائو میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں سینارٹی کی بنیاد پر تین نام پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر نازلی حسین، ڈائو میڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر صبا سہیل اور پرووائس چانسلر جہاں آراء کے نام بھیجے تھے تاہم وزیر اعلی نے سینارٹی کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر آنے والی خاتون پروفیسر جہاں آراء کے نام کی بطور قائم مقام وائس چانسلر کے نام کی منظوری دی جو موجودہ ڈاکٹر سعید قریشی سے وائس چانسلر کے عہدے کا چارج لیں گی۔ ڈاکٹر سعید قریشی کی دوسری چار برس کی مدت رواں مہینے کے آخر میں مکمل ہوجائے گی۔ ادہر شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز سکرنڈ کے وائس چانسلر ڈاکٹر فاروق حسن کی چار برس کی مدت مکمل ہوگئی ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ نے پروفیسر زاہد اقبال راجپوت کو سکرنڈ یونیورسٹی کا قائم مقام وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سکرنڈ یونیورسٹی کے قائم مقام وی سی کے عہدے لیے تین نام بھیجے گئے جن میں ڈاکٹر احمد سلطان جتوئی، ڈاکٹر زاہد اقبال راجپوت اور ڈاکٹر فاروق حسن کے نام شامل تھے تاہم یہاں بھی سینئر پروفیسر کو نظرانداز کرکے ڈاکٹر زاہد اقبال کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ یاد رہے کہ حال ہی میں سندھ یونیورسٹی، ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی، اور گورنمٹ کالج حیدرآباد یونیورسٹی میں سینئر ترین پروفیسر کو ہی قائم مقام وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید