کراچی( اسٹاف رپورٹر )ڈاکوؤں نے دو مزید شہریوں کو قتل کر دیا،ڈیفنس اور سپر ہائی پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق عید کے تیسرے روز ڈیفنس تھانے کی حدود ڈیفنس فیز ون طوبیٰ مسجد کے قریب ڈاکوؤں نے معصوم بچے کے سامنے اس کے والد کو گولی مار کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ مقتول کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 35 سالہ عامر سلطان ولد سلطان کے نام سے ہوئی۔ واقعہ کی اطلاع پر ایس ایس پی سائوتھ اور دیگر افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے۔ مقتول عامر اپنی فیملی کے ہمراہ کسی دعوت میں حیدر آباد جا رہا تھا۔ واقعہ کے وقت وہ گھر کے باہر اپنے معصوم بیٹے کے ساتھ گاڑی چیک کر رہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار دو ملزمان آئے اور اس سے لوٹ مار کی کوشش کی۔ واقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملزم موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا جبکہ دوسرا ملزم پستول لے کر اس کے قریب گیا تو مقتول نے اسے قابو کرنے کی کوشش کی ،دونوں گتھم گتھا ہو گئے،اس دوران مقتول نے اسے نیچے گرایا تاہم موٹر سائیکل سوار ملزم بھی اپنے ساتھی کی مدد کے لیے پہنچ گیا اور دونوں کے آگے پیچھے اسلحہ لیکر گھومتا رہا۔بعد ازاں ملزمان نے مقتول کو گولی ماری اور فرار ہو گئے۔اس دوران مقتول کا بیٹا کئی بار ملزمان کی طرف گیا تاہم اسلحہ دیکھ کر وہ پیچھے ہٹ گیا۔ظالم درندوں نے بیٹے کے سامنے باپ کو قتل کیا۔مقتول چار بچوں کا باپ تھا۔مقتول اسٹیٹ ایجنٹ اور کلئیر فارورڈنگ کا کام کرتا تھا۔ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کےمطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔ انہوں نے واقعہ کی شدید مزمت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کے ملزمان واردات کرکے کراچی سے فرار ہو جاتے ہیں غیر رجسٹرڈ افراد کی رجسٹریشن کرنا ضروری ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ڈیفنس میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے شہری عامر سلطان کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے۔انہوں نے ایس ایس پی ساؤتھ سے واقعہ کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کے لیے فوری اقدامات کے احکامات جاری کیے ہیں۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پولیس کی خصوصی ٹیمیں واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کر رہی ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود فقیرا گوٹھ پریشان چوک محمود ملک شاپ کے قریب چاند رات کو ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو افراد 37 سالہ رحمت گل ولد محمد گل اور 23 سالہ کاشف ولد رفیق زخمی ہو گئے۔دونوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج رحمت ولد گل محمد نے دم توڑ دیا۔پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا۔