کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت یکم شوال کو ادارہ نورحق میں روایتی عید ملن کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ غزہ وفلسطین کی صورتحال ہم سب کو غمگین کررہی ہے، فارم 47کے ذریعے لوگوں کو مسلط کیا جائیگا تو عوام اور فوج میں دوریاں ختم نہیں ہوگی، عید بعدامن کی صوتحال، بجلی کے بلوں، چینی و آٹا مافیا کیخلاف بھر پور تحریک شروع کرینگے،انہوں نے کہا کہ عید کے پہلے اور دوسرے روز بھی اسرائیل نے غزہ میں عید کی خوشیاں مناتے اور کھیلتے ہوئے ننھے منے بچوں پر بمباری کی۔ گزشتہ ڈیڑھ سال سے فلسطینی ملبے کے ڈھیر پر رہنے پر مجبور ہیں۔ صیہونیوں نے معاہدے کی خلاف ورزی کرکے اپنی ہزاروں سال کی تاریخ دہرائی،اسرائیل کو بم و بارود فراہم کرنے میں امریکہ کا ہاتھ ہے،اسرائیل کے ساتھ ساتھ ہر وہ ملک جو اس کی پشت پناہی کررہا ہے وہ اس کا ذمہ دار ہے۔ امت مسلمہ کے حکمرانوں کے پاس سب کچھ ہے لیکن غیرت و حمیت موجود نہیں ہے۔ حکومت و اپوزیشن میں شامل سب امریکہ و اسرائیل کی مذمت کے بجائے امریکی خوشنودی کی کوشش کررہے ہیں۔ عید الفطر کے موقع پر پوری امت اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ ہے،اسرائیل کو فائدہ پہچانے والی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ عید کے بعد امن و امان کی صورتحال، بجلی کے بلوں، چینی و آٹا مافیا کے خلاف جماعت اسلامی بھر پور تحریک شروع کررہی ہے، تمام صوبوں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ عید کے موقع پر پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جب عوام کی مرضی کے بغیر فارم 47 کے ذریعے لوگوں کو مسلط کیا جائے گا تو کبھی بھی عوام اور فوج کے درمیان دوریاں ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دو صوبے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے حالات خراب ہیں۔ حکومت کی طرف سے کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جارہا جس سے یکجائی پیدا ہو۔ حکومت بتائے کہ کوئی بھی بیرونی ایجنسی اگر پاکستان میں کام کررہی ہے تو اس میں پاکستان کی ایجنسیز کیا کررہی ہیں۔ جب اپنے ہی لوگوں کو محروم کیا جائے گا تو لوگوں میں غم و غصہ تو پیدا ہوگا، مردان میں بمباری کرکے خانہ بدوشوں کو مارا گیا جس میں بچے اور خواتین تھیں جو کسی طرح بھی درست نہیں۔ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ دہشت گردوں کو مارا گیا ہے۔ دونوں صوبوں کے حالات درست کرنے کے لیے محرومیوں کو دور کرنا ہوگا اور ذمہ داروں کو قوم کے سامنے لانا پڑے گا۔ موجودہ حالات درست کرنے کے لیے گریٹر ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے۔ افغانستان سے بھی ڈائیلاگ کیے جائیں۔عید ملن میں مرکزی نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، امیر کراچی منعم ظفر خان، جماعت اسلامی کے رہنما راشد نسیم، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،صوبائی رہنما عبد الغفار عمر،نائب امراء کراچی برجیس احمد، محمد اسحاق خان، عبد الوہاب،مسلم پرویز، سیف الدین ایڈوکیٹ، ڈاکٹر واسع شاکر،نوید علی بیگ،سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، ڈپٹی سیکرٹریز راشد قریشی، عبد الرزاق خان، ابن الحسن ہاشمی،امرائے اضلاع انجینئر عبد العزیز، سید وجیہ حسن،نعیم اختر،سید مفخر علی ڈاکٹر نورالحق،ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد، ٹاؤن چیئرمین ناظم آباد سید مظفر احمد،صوبائی سکریٹری اطلاعات مجاہد چنا،سکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔دریں اثناء جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ کی زیر قیادت اقلیتی برادری کے وفد نے بھی امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ودیگر رہنماؤں سے ادارہ نورحق میں ملاقات کی اور عید الفطر کی مبارکباد دی۔وفد میں نائب صدر منارٹی ونگ جماعت اسلامی کراچی سیموئل نذیر،جنرل سکریٹری پرویز برکت،سکھ برادی کے رمیش سنگھ،کونسلر گلشن ٹاؤن وہندو برادری کے رہنما کشور کمار ودیگر بھی شامل تھے۔علاوہ ازیں امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے عید الفطر کے پہلے روز امیر کراچی منعم ظفر خان کے ہمراہ امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ سے ان کے گھر جاکر ملاقات کی اور عیدالفطر مبارکباد دی۔ ملاقات میں امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگربھی موجود تھے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بتایاکہ میری ہمشیرہ کو اذیتیں دی جارہی ہیں،حکومت کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے، حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ حکومت میں آنے سے قبل تمام جماعتیں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے وعدے تو کرتی ہیں لیکن حکومت میں آنے کے بعد عملی طور پر کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے، موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے جو صرف امریکی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش میں لگی ہیں۔جماعت اسلامی ڈاکٹر عافیہ کی گرفتاری کے اول روز سے ان کے خاندان کے ساتھ ہے،ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔