کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کو ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت ملنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ایشین کرکٹ کونسل کی سربراہی سنبھال لی، ساتھ ہی اے سی سی کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔ سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔ محسن نقوی فروری 2024 سے پاکستان کرکٹ بعورڈ کے چیئرمین ہیں ۔ خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین بھارت کے جے شاہ ہیں۔ جمعرات کوایشین کرکٹ کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے شرکت کی۔ پی سی بی اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت سنبھال لی۔ ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے کے مطابق پاکستان نے اے سی سی کی صدارت سنبھال لی۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان ایشیا میں کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے مشن کے ساتھ کونسل کی قیادت کرے گا۔ پاکستان کی قیادت میں اے سی سی پورے ایشیا میں کرکٹ کو مزید وسعت دینے کے لیے تیارہے۔ اس سے قبل صدارت سری لنکا کے پاس تھی۔ ایشین کرکٹ کونسل کا اگلا اسائنمنٹ اس سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی ہے۔ بھارت کے پاس ایشیا کپ کی میزبانی ہے اور ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں ہونے کا امکان ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ میں ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت سنبھالنے پر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں۔ ایشیا عالمی کرکٹ کے دل کی دھڑکن ہے، اور میں تمام ممبران کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔ کھیل کی ترقی اور عالمی اثر و رسوخ کو تیز کرنے کے لیے بورڈزکو ایک ساتھ کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مواقع، زیادہ تعاون کو فروغ دینا، اور ایشیائی کرکٹ کو بے مثال بلندیوں تک لے جاناچاہتا ہوں۔ اے سی سی کے سبکدوش ہونے والے صدر کا بھی ان کی قیادت اور شراکت کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ محسن نقوی نے سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا کی جگہ لی۔ شمی سلوا نے کہا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ایک اعزاز کی بات ہے۔ ہمارے ممبر بورڈز کا مل کر کام کرنے کا عزم ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے قد کو بلند کرنے میں اہم رہا ہے۔ پورے خطے میں، میں اپنے پیشرو جے شاہ، آئی سی سی کے چیئرمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جن کی قیادت میں اے سی سی نے اہم سنگ میل حاصل کیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جے شاہ نےایشیا کپ کے تجارتی حقوق کے لیے اب تک کی سب سے زیادہ قیمت، ایک نئے پاتھ وے ایونٹس کو متعارف کرایا۔ اے سی سی کے ڈھانچے، اور ایشیا میں کرکٹ کی مسلسل ترقی کے لیے راہ ہموار کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ مکمل اعتماد ہے کہ محسن نقوی کی قابل قیادت میں اے سی سی اپنا کام جاری رکھے گی۔ شاندار سفر اور ترقی کی منازل طے کریں گے۔