اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) پاکستان کی کاروباری کمیونٹی نے امریکا کی جانب سے پاکستانی برآمدات پر 29فیصد ٹیرف عائد کرنے اور اس کیساتھ بھارت پر26فیصد ٹیرف عائد کرنے کو ایک اہم موقع قرار دیا ہےکہ پاکستان امریکی درآمدات پر عائد 58 فیصد ٹیرف میں کمی کر دے اور اس سے امریکا کی جانب سے پاکستان پر عائد ٹیرف میں کمی سے پاکستان بھارتی مصنوعات کا بہتر مقابلہ کرسکےگا اور پاکستان کی امریکا کو برآمدات میں اضافہ ہوگا، کاروباری برادری کے نمائندوں نے کہا کہ یہ اہم موقع ہےا ور پاکستان کی حکومت کو پالیسی فیصلے کر کے فائدہ اٹھانا ہوگا، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے خصّوصی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو امریکہ کی جانب سے جوابی ٹیرف عائد کرنے کے اقدام کو مثبت لیتےہوئے اس سے فائدہ اٹھا نا چاہئے کیونکہ پاکستان کی امریکا سے درآمد کافی کم ہیں اور صرف اڑھائی ارب ڈالر کی ہیں جبکہ پاکستان امریکا کو سب سے زیادہ 6ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کرتا ہے، بھارت کی امریکی درآمدات پر 26فیصد ٹیرف عائد ہونے سے پاکستان اس موقع سے بہتر فائدہ اٹھا سکتا ہے،پاکستان امریکی درآمدات پر فوری ٹیرف پر نظر ثانی کرے اور اس میں کمی کر ے ، پاکستان کی امریکی برآمدات پر ٹیرف کم ہونے سےپاکستان کو امریکی منڈی تک بہت بڑی رسائی حاصل ہو جائے گی جو بھارت اور دیگر ممالک کےپاس ہے، امریکی درآمدات پاکستان میں اتنی زیادہ نہیں ہیں صرف مشنیری ہے اور ٹیرف کم کرنے سے پاکستان کو زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔