• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی قیمتوں میں کمی تاریخی اقدام، ہماری کوششیں کامیاب ہوئیں، فاروق ستار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئےاسے وفاقی حکومت کا بڑا تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم کو کراچی کے پیکج کے حوالے سے ایم کیو ایم کے عوامی اجتماع میں اعلان کی دعوت دی ہے جو وزیر اعظم نے قبول کر لی،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم رب تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اس نے ہماری کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کیا، ایم کیو ایم پاکستان کے وزرا اور پارلیمنٹیرینز کو تاجر اور صنعتکار برادری نے شکریہ کے فون کئے، کراچی کے صنعتکاروں، کاروباری طبقے کے اس تشکر کو ایم کیو ایم وزیراعظم کو پیش کرتی ہے کیونکہ انہوں نے تاجروں کو بجلی کے نرخوں میں ریلیف دینے کا ہمارا یہ مطالبہ نہ صرف پورا کیا بلکہ اپنے ٹیکسوں سے ملک چلانے والے کراچی کے تاجروں کو سکھ کا سانس لینے کا موقع دیا، اس موقع پر سنیئر رہنماسید امین الحق، نسرین جلیل و دیگر بھی موجود تھے، فاروق ستار نے کہا کہ ہماری مخلوط حکومت نے عوام اور تاجر برادری کو ریلیف فراہم کیا جبکہ ایک اور بڑا ریلیف اسٹیٹ بنک کو قائل کر کے شرح سود میں12فیصد تک کمی کر کے حکومت نے عوام کو فراہم کیا جس میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے، افراط زر تاریخ کی کم ترین سطح یعنی اعشاریہ 7 فیصد پر موجود ہے، قوی امید ہے کہ ان معاشی اقتصادی اعشاریوں کی بنا پر اسٹیٹ بنک آسان شرائط پر کاروباری قرضے فراہم کر سکے گی جس سے معاشی و اقتصادی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید