کراچی (جنگ نیوز) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کا ماننا ہے کہ پاکستان کو ورلڈکپ میں جگہ بنانے کیلئے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کی سینئر کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی کا لوہا منوانا ہوگا۔ پاکستان نے گزشتہ چار ورلڈ کپ میں شرکت کی ہے، لیکن اس سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کیلئے کافی محنت کرنا ہوگی ۔ کوالیفائرز میں شریک چھ میں سے دو ٹاپ ٹیمیں بھارت کا ٹکٹ کٹوائیں گی۔ ثناء میر نے کہا کہ اگر آپ نوجوان کھلاڑیوں کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں، تو انہیں سدرہ امین، منیبہ علی، عالیہ ریاض، فاطمہ ثنا، ڈیانا بیگ جیسی سینئرز سے سیکھنا پڑے گا۔ کوالیفائر میں کوئی بھی ٹیم کمزور نہیں ہے ، سخت مقابلے کی توقع ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان اپنا پہلا میچ 9 اپریل کو آئرلینڈ کیخلاف قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گا ، اس کے بعد اسکاٹ لینڈ، ویسٹ انڈیز، تھائی لینڈ اور بنگلہ دیش سے بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔ ثنا میر کہتی ہیں کہ آئرلینڈ گزشتہ سال انگلینڈ کو ہرا چکی ہے، ہیلی میتھیوز کی قیادت میں ویسٹ انڈیز شاندار کھیل پیش کیا ہے، بنگلہ دیش نے بھی گزشتہ کچھ برسوں میں متاثر کیا ہے، انہوں نے بھارت کو ہرا یا۔ پاکستان کے لیے مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔